ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / فلم اداکار پرکاش رائے لوک سبھا انتخاب لڑنے کے خواہاں

فلم اداکار پرکاش رائے لوک سبھا انتخاب لڑنے کے خواہاں

Wed, 02 Jan 2019 00:42:26    S.O. News Service

بنگلورو، یکم جنوری(ایس او نیوز) معروف فلم اداکار اور وزیراعظم مودی کے کٹر مخالفین میں شمار کئے جانے والے پرکاش رائے نے سرگرم سیاست میں داخلے پر آمادگی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آنے والے لوک سبھا انتخابات میں بحیثیت آزاد امیدوار میدان میں اترنا چاہتے ہیں۔

اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وہ ان انتخابات کا سامنا کسی سیاسی جماعت سے کرنے کی بجائے آزاد امیدوار کے طور پر ریاست کے کسی حلقے سے اپنی قسمت آزمانے کو ترجیح دیں گے۔ ٹیوٹر پر سال نو کی مبارکباد دیتے ہوئے پرکاش رائے نے کہاکہ مرکز میں ملک کے عوام کی حکومت قائم ہو اسی جذبے کے ساتھ وہ سیاسی میدان میں داخل ہونا چاہتے ہیں۔ سرگرم سیاست میں داخلہ لینے والے معروف فلم اداکاروں رجنی کانت اور کمل ہاسن کے بعد پرکاش رائے فلم انڈسٹری کا ایک اور اہم چہرہ ہوں گے۔گوری لنکیش قتل کے خلاف احتجاج سے جڑی تحریک اور دیگر تحریکوں کے ذر یعے وزیر اعظم مودی کو سخت تنقیدوں کا نشانہ بنانے میں پیش پیش پرکاش رائے نے اس سے پہلے اسمبلی انتخابات کے دوران جے ڈی ایس کی حمایت کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد قیاس آرائی کی جارہی تھی کہ وہ جے ڈی ایس امیدوار کے طور پر ریاست کے کسی حلقے سے اپنی قسمت آزما سکتے ہیں۔ان تمام توقعات کے برعکس پرکاش رائے نے خواہش ظاہر کی ہے کہ وہ آزاد امیدوار کے طور پر لوک سبھا انتخابات میں قسمت آزمانا چاہتے ہیں۔ 
 


Share: